اسلام آباد: جماعت اسلامی کے سربراہ سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہے کہ خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کے لئے سب کا بلاامتیاز احتساب ہونا لازم ہے۔ کرپشن کرنے والوں کا ٹھکانا محلات یا اقتدار کے ایوان نہیں جیل بنانا ہو گا۔

جمعرات کو وفاقی دارالحکومت میں میڈیا پرسنز کے ساتھ افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ قوم کی نظریں جے آئی ٹی کی تحقیقات پر لگی ہوئی ہیں۔ کچھ لوگ سوچے سمجھے منصوبے کے مطابق جے آئی ٹی کو متنازع بنانا چاہتے ہیں ۔ پانامہ پیپرز میں ہمارے حکمرانوں کا دامن داغدار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قطر اور سعودی عرب کے درمیان تنازعہ امت کے لیے پریشانی کا باعث ہے ۔ پاکستان عالم اسلام کو جوڑنے کی تحریک شروع کرے ۔ قطر اور سعودی عرب کے تنازعہ میں پاکستان کو تماشائی بننے کی بجائے آگے بڑھ کر مسئلے کاحل نکالناچاہیے۔

 اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان میاں محمد اسلم اور سیکرٹری اطلاعات امیر العظیم بھی موجود تھے ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ کچھ لوگ جے آئی ٹی کی تحقیقات کو روکنے اور حکمران خاندان کو بچانے کے لیے جے آئی ٹی کومتنازعہ بنانے کے منصوبے پر کاربند ہیں وہ نہیں چاہتے کہ جے آئی ٹی حکمران خاندان کی کرپشن اور لوٹ کھسوٹ کو قوم کے سامنے لائے۔

انہوں نے کہاکہ جب تک عدالتوں کو کام کرنے کاموقع نہیں دیا جائے گا،احتساب کا عمل آگے نہیں بڑھ سکتا۔ قوم چاہتی ہے کہ ملک سے کرپشن،بددیانتی،بدامنی ،غربت مہنگائی اور لوڈشیڈنگ جیسے مسائل کا خاتمہ ہو اور پاکستان بھی ترقی یافتہ قوموں کی صف میں کھڑا ہو سکے جس کے لیے ضروری ہے کہ موجود اور سابقہ حکمرانوں سمیت سب کا احتساب ہو اور قومی خزانے سے لوٹی گئی دولت واپس پاکستان میں آئے۔

انہوں نے کہاکہ اسلام دشمن قوتیں پاکستان ایران اور افغانستان کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کر کے برادر اسلامی ممالک کو باہم دست و گریبان کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں ۔

ان حالات میں ضروری ہے کہ تینوں اسلامی ممالک آپس میں باہمی اعتماد اور اخوت و بھائی چارے کو فروغ دیں تاکہ دشمن کے ناپاک ارادوں کو ناکام بنایا جاسکے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اللہ تعالی نے وہ تمام وسائل عطا کر رکھے ہیں جو زندہ قوموں کو ترقی کا سفر کامیاب بنانے کے لئے درکار ہوتے ہیں،ضرورت صرف دیانت دار اور حوصلہ مند قیادت کی ہے۔ جماعت اسلامی پاکستان کو شہدا پاکستان کی امنگوں اور تحریک پاکستان کے اعلان کردہ منشور کے مطابق بنانے کی جدوجہد جاری رکھے گی۔

Subscribe for our email updates…

Email

Raah Tv Live

About Raah TV

Raah TV is a Pakistani infotainment web channel with a vision to promote positivity, optimism and hope.