لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ پاکستان کو غاروں میں چھپے ہوئے مسلح دہشتگردوں سے زیادہ اقتدار کے ایوانوں میں براجمان سیاسی اور معاشی دہشتگردوں سے خطرہ ہے ۔ ان دہشتگردوں نے لڑاﺅ اور حکومت کرو کے مغربی اصول پر چلتے ہوئے قوم کو علاقائی اور مسلکی بنیادوں پر تقسیم کیا۔

جماعت اسلامی سربراہ کا کہنا تھا کہ ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کے لیے قومی یکجہتی اور ملی وحدت کی ضرورت ہے۔

بدھ کو لاہور کے مقامی ہوٹل میں اپنی طرف سے صحافیوں کے اعزاز میں دیے گئے افطار ڈنر کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر نائب امیر اسد اللہ بھٹو ، سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد اصغر اور سیکرٹری اطلاعات امیر العظیم بھی موجودتھے۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ 70 سال سے اقتدار کے ایوانوں پر قابض اشرافیہ نے پاکستان کو مسائلستان بنادیاہے ۔ ان کی نظریاتی اور اخلاقی کرپشن کی وجہ سے پاکستان کے وجود کو خطرہ ہے ۔پاکستان کو دولخت کرنے والا اشرافیہ آج باقی ماندہ پاکستان کے لیے سیکورٹی رسک بناہواہے ۔ انہوں نے کہاکہ مالی کرپشن کے ساتھ ساتھ نظریاتی اور اخلاقی کرپشن کی بیماری میں سب سے زیادہ حکمران ٹولہ ملوث ہے ۔

پانامہ،آف شور کمپنیوں اور قومی بنکوں سے قرضے لے کر ہڑپ کرنے والے ملک و قوم کے لیے ایک ناسور بن چکے ہیں اور اس ناسور کا علاج کیے بغیر ہم ترقی نہیں کرسکتے۔

سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی ملک و قوم کو لٹیروں کے اس ٹولے سے نجات دلانے کے لیے کرپشن کے خلاف جدوجہد کر رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان جمہوریت اور معیشت کے لیے نہیں بناتھا بلکہ ایک نظریاتی مملکت ہے جو کلمہ کی بنیاد پر قائم ہوا اور اسی بنیاد پر قائم رہ سکتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ قومی یکجہتی کو فروغ دینے کے لیے ہمیں سندھی،بلوچی،پختون اور پنجابی کی بجائے پاکستانی کی شناخت قائم کرنا ہوگی اور مسلکی اختلافات سے نکل کر ایک امت بننا ہوگا۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ موجودہ پارلیمانی نظام کی کمزوریوں کی وجہ سے معاشرے میں جرائم بڑھ رہے ہیں ۔ آج ملک میں غربت ،مہنگائی،بے روزگاری،تعلیم و صحت اور لوڈشیڈنگ کے مسائل حکمرانوں کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے ہیں ۔ ملک میں بے روزگار نوجوانوں کی فوج ظفر موج ہے ۔ لوڈشیڈنگ سے عوام کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے ۔ حکمران کہتے ہیں کہ 18500 میگاواٹ ریکارڈ بجلی پیدا ہورہی ہے اور ملک میں بجلی کی طلب 19500 ہے ، حکمران بتائیں کہ وہ ایک ہزار میگاواٹ کے شارٹ فال کو پورا کرنے کے لیے بارہ بارہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کیوں کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخوا میں لاکھوں میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی گنجائش ہے مگر نااہل حکمران ٹولہ اس طرف توجہ نہیں دے رہا۔

جماعت اسلامی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمارا گھر ہے اور ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اس گھر کی حفاظت کریں اور جس کشتی کے ہم سب سوار ہیں اسے منزل سے ہمکنار کرنے کے لیے اس کرپٹ ٹولے اور کرپٹ سسٹم کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔

ان کا کہنا تھاکہ پاکستان کو جمہوری اور معاشی استحکام کے ساتھ ساتھ نظریاتی طور پر مستحکم کرنے کی ضرورت ہے اور یہ اسی وقت ہوگا جب پاکستان کو اسلامی پاکستان بنایا جائے گا ۔

Subscribe for our email updates…

Email

Raah Tv Live

About Raah TV

Raah TV is a Pakistani infotainment web channel with a vision to promote positivity, optimism and hope.